نئی دہلی،26؍دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج کہا ہے کہ جب تک نریندر مودی ملک کے وزیر اعظم ہیں، کوئی بھی کمپنی کسانوں سے ان کی زمین نہیں چھین سکتی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کم سے کم سپورٹ پرائس (ایم ایس پی) کا نظام جاری رہے گا اور منڈیاں بند نہیں ہوں گی۔ قومی دارالحکومت کے گاؤں کشن گڑھ میں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ اگر کسان ایسوسی ایشنوں کو لگتا ہے کہ نئے زرعی قوانین کی کوئی شق ان کے مفادات کے منافی ہے تو مرکزی حکومت اس پر بات کرنے اور کھلے ذہن سے سوچنے کے لئے تیار ہے۔
شاہ نے کانگریس سمیت حزب اختلاف پر الزام لگایا کہ وہ کم سے کم سپورٹ پرائس (ایم ایس پی) اور زرعی قوانین کی دوسری شقوں کے بارے میں الجھن پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن پوری طرح سے جھوٹ بول رہی ہے۔ میں اس بات کا اعادہ کرتا ہوں کہ ایم ایس پی جاری رہے گی اور منڈیاں کبھی بند نہیں ہوں گی۔ کسانوں کی فلاح و بہبود ہماری حکومت کی ترجیح ہے۔
شاہ نے کہا کہ مودی کی زیرقیادت حکومت نے 2014-1919کے دوران حکومت کو فصل کو ڈیڑھ گنا ایم ایس پی دینے کے ایک سال پرانے مطالبے پر عمل درآمد کیا۔ وزیر داخلہ نے کشن گڑھ گاؤں کے گوشالہ میں منعقدہ کسان سمان ندھی پروگرام میں شرکت کی اور وزیر اعظم کی ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ متعدد ریاستوں کے کسانوں کے ساتھ گفتگو کی۔